نرملا سیتا رمن کی بائیں بازو پر سخت تنقید، یو پی آئی فیس پر راجیہ سبھا میں گرما گرمی
بھارتی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے راجیہ سبھا میں بائیں بازو کی جماعتوں اور کمیونسٹ رہنماؤں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں اور سوالات کے جواب دینے سے گریز کرتے ہیں۔
یہ معاملہ یو پی آئی ادائیگیوں پر ممکنہ چارجز سے متعلق بحث کے دوران سامنے آیا۔ کمیونسٹ پارٹی کے رکن جان برٹاس نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت امریکی دباؤ کے تحت یو پی آئی خدمات پر فیس عائد کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ بحث کے دوران ایوان کے نائب چیئرمین ہری ونش نے مقررہ وقت ختم ہونے کی نشاندہی کی، جس کے بعد برٹاس ایوان سے باہر چلے گئے۔
بعد ازاں اپنی تقریر میں نرملا سیتا رمن نے برٹاس اور کمیونسٹ جماعتوں پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بائیں بازو کے رہنما خود کو بولنے کا حق تو دیتے ہیں لیکن دوسروں کی بات سننے اور اپنے مؤقف کا جواب دینے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔
برٹاس نے فروری 2023 میں جی20 اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے اس مؤقف کا بھی حوالہ دیا، جس میں ہندوستان کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو عوامی سہولت قرار دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قانون اس تصور سے متصادم ہے۔
دریں اثنا، ٹیکسیشن اینڈ دیگر قوانین ترمیمی بل راجیہ سبھا سے بھی منظور ہوگیا۔ مختصر بحث کے بعد اسے صوتی ووٹ سے منظور کیا گیا۔



