ایران کے خطرے کا خوف ٹرمپ کا ترکی سے برطانیہ تک خفیہ سفر، سنسنی خیز انکشاف
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے مطابق انہوں نے گزشتہ ماہ ترکی کے دورے سے واپسی کے دوران مبینہ طور پر انتہائی خفیہ سفر کیا۔ امریکی اخبار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ نے ایران سے ممکنہ سکیورٹی خطرے کے خدشے کے باعث معمول کے طیارے کے بجائے ایک چھوٹے فوجی طیارے سے برطانیہ کا سفر کیا۔
رپورٹ کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والی نیٹو سربراہ اجلاس کے بعد ٹرمپ سب کے سامنے سرکاری صدارتی طیارے میں سوار ہوئے۔ تاہم بعد میں انہیں ایک ہوائی اڈے پر موجود سامان لے جانے والی گاڑی کے ذریعے ایک چھوٹے فوجی طیارے تک منتقل کیا گیا۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے اسی فوجی طیارے کے ذریعے برطانیہ کا سفر کیا، جبکہ صدارتی طیارہ بھی چند منٹ بعد وہاں پہنچا۔ اس طرح بظاہر ایسا محسوس ہوتا رہا کہ امریکی صدر معمول کے صدارتی طیارے ہی میں سفر کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے دشمن صدر کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں اور ان کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع نے مبینہ خفیہ سفر کے حوالے سے تاحال کوئی واضح بیان جاری نہیں کیا۔



