وزیراعظم مودی کا شہریوں سے بیرون ملک تعطیلات اور شادیوں سے گریز کا مشورہ
وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو ملک کی 7.8 فیصد جی ڈی پی گروتھ ریٹ پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی جنگوں، عدم استحکام اور سپلائی چین میں رکاوٹوں کے باوجود حاصل ہوئی۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اگر عوام سودیشی اور خود انحصاری پر زور دیتے رہے تو آزادی کے سو سال مکمل ہونے تک ملک کے نوجوانوں کو ایک ترقی یافتہ بھارت میسر ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ غیر ضروری طور پر بیرون ملک تعطیلات پر نہ جائیں، شادیاں بیرون ملک منعقد نہ کریں اور بلا ضرورت سونا نہ خریدیں۔
مودی نے کہا: "میں ملک کے عوام کو 7.8 فیصد جی ڈی پی گروتھ پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ یہ ان کی اجتماعی کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔ بھارت نے یہ کامیابی دنیا بھر میں جاری تنازعات، جنگوں اور عدم استحکام کے باوجود حاصل کی ہے۔”
وزیراعظم نے کہا کہ 2020 کی کووڈ وبا کے بعد سے دنیا میں کہیں استحکام نہیں رہا، تاہم بھارت نے بہتر ترقی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کچھ افراد منفی پروپیگنڈہ اور جھوٹ پھیلانے کی کوشش کرتے رہے، مگر اس کے باوجود ملک نے ترقی کی۔
مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسیاں بہتر اور نیت واضح ہے، جس کی وجہ سے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی معیشت رواں مالی سال کے پہلی سہ ماہی میں توقعات سے زیادہ 7.8 فیصد کی شرح سے بڑھی، جو مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے باعث اقتصادی سست روی کے خدشات کے باوجود سامنے آئی۔ یہ شرح گزشتہ سہ ماہی کی 8.6 فیصد نمو سے کم رہی، تاہم توقعات سے کہیں بہتر رہی۔



