بین الاقوامیعرب دنیا

نیپال میں سیلاب کے دوران زندہ بچ جانے والا 40 سالہ گھر، مالک کی آپ بیتی

نیپال کے ضلع نوواکوٹ میں تریشولی دریا کے تباہ کن سیلاب کے دوران ایک 40 سالہ سبز رنگ کا مکان تقریباً محفوظ رہا، جبکہ ارد گرد کی عمارتیں، گاڑیاں اور سامان بہہ گیا۔ اس گھر کی تصاویر اور ویڈیوز سیلاب کی تباہی کے دوران سب سے نمایاں مناظر میں شامل ہو گئیں۔

گھر کے مالک پرکاش نے انڈیا ٹوڈے کے ذیلی ادارے "دی لالن ٹاپ” کو بتایا کہ سیلاب کے وقت گھر میں چھ افراد موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ قریبی دکان پر تھے تو سیلاب کی وارننگ ملتے ہی فوراً گھر کی طرف بھاگے۔ باہر نکلتے ہی دیکھا کہ ان کی گاڑی پہلے ہی پانی کے زور سے الٹ چکی تھی۔

پرکاش کے مطابق خاندان پہلے چوتھی، یعنی سب سے اوپری منزل پر منتقل ہوا، مگر پانی وہاں تک بھی پہنچ گیا، جس پر انہیں عمارت کے سب سے بلند مقام کی طرف جانا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ان کا ایک بیٹا اسکول گیا ہوا تھا اور وہ مسلسل اس کی فکر میں مبتلا رہے۔

گھر کی مضبوطی کی وجہ

پرکاش کا کہنا تھا کہ گھر تقریباً 40 سال پرانا ہے اور اس وقت تعمیراتی مواد کا معیار بہتر تھا۔ دریا کے قریب ہونے کے باعث بنیاد کو خاص طور پر مضبوط بنایا گیا تھا، جس میں سڑک کے مواد کی دو تین تہیں بھی شامل کی گئیں۔ تاہم گھر کی نچلی منزل، جو گودام کے طور پر استعمال ہوتی تھی، شدید متاثر ہوئی اور دو گاڑیوں سمیت کافی سامان بہہ گیا۔

خاندان تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک محصور رہا، جس کے بعد ٹول ایریا کے مقامی افراد نے پائپ اور رسی کے ذریعے انہیں بحفاظت نکالا۔ پرکاش کے مطابق تمام افراد محفوظ ہیں اور فی الحال کھٹمنڈو میں مقیم ہیں، اور وہ دوبارہ اسی مقام سے زندگی شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button