ایرانی حملوں کے بعد کویت کے بجلی اور پانی کے پلانٹ میں آگ، ہنگامی اقدامات نافذ
کویت میں ایرانی حملوں کے بعد ایک بجلی پیدا کرنے اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پلانٹ میں آگ لگ گئی، جس کے بعد حکام نے فوری طور پر ہنگامی منصوبہ نافذ کر دیا۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بجلی کے نظام کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے گئے۔
کویت کی وزارتِ بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی نے بتایا کہ پلانٹ کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث بجلی کی فراہمی اور پانی کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ وزارت کے مطابق ملک کے برقی نظام کو مستحکم رکھنے اور عوام کو کسی بڑی پریشانی سے بچانے کے لیے ہنگامی منصوبے پر فوری عمل درآمد کیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے اہم تنصیبات پر حملوں کے بعد پورے خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایران نے ان خلیجی ممالک میں بعض اہم مقامات کو نشانہ بنایا جہاں امریکی فوجی تنصیبات موجود ہیں، جبکہ امریکہ نے بھی ایران کی بنیادی تنصیبات، بجلی گھروں، پانی صاف کرنے کے مراکز اور مواصلاتی ڈھانچے پر کارروائیاں کی ہیں۔
اگرچہ گزشتہ ماہ جنگ بندی اور امن کے لیے ایک مفاہمتی سمجھوتہ طے پایا تھا، تاہم حالیہ حملوں نے اس معاہدے پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جاری کشیدگی سے نہ صرف اہم تنصیبات بلکہ عام شہریوں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔


