راہل گاندھی، کھرگے راج گھاٹ پہنچے، گیانیش کمار کے خلاف احتجاج
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کے لیے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے سمیت انڈیا بلاک کے دیگر رہنما جمعرات کو راج گھاٹ پہنچے۔ احتجاج کے پیش نظر دہلی کے مختلف علاقوں میں رات 10 بجے تک ٹریفک پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
احتجاج سے قبل کانگریس صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے نے دہلی کے کناٹ پلیس میں انڈیا بلاک کے رہنماؤں کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا۔ ظہرانے کے بعد راہل گاندھی، کھرگے اور دیگر اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ راج گھاٹ پہنچے، جہاں گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ احتجاجی مقام پر کانگریس کے حامی بھی بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔
دریں اثنا، کوکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے بھی بنگلورو کے فریڈم پارک میں گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کیا۔ اداکار پرکاش راج اور یوٹیوبر دھروو راٹھی بھی احتجاج میں شریک ہوئے۔
اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج گزشتہ روز بھی جاری رہا تھا، جب تقریباً 300 اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ سے آکاش وانی بھون کی جانب مارچ کیا اور چیف الیکشن کمشنر سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے دوران کئی ارکان پارلیمنٹ اور پارٹی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔
دہلی میں احتجاج کے پیش نظر سکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔ سنسد مارگ، اشوک روڈ، جن پتھ روڈ اور وسطی دہلی کے دیگر علاقوں میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ تقریباً 5 ہزار دہلی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ متعدد سڑکوں پر بیریکیڈز بھی لگائے گئے ہیں۔
دریں اثنا، خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) سے متعلق تنازع کے درمیان گیانیش کمار کی زیڈ پلس سکیورٹی مزید مضبوط کردی گئی ہے۔ ان کی رہائش گاہ، الیکشن کمیشن کے دفتر اور ذاتی سکیورٹی کے لیے مزید اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔



