خامنہ ای کی آخری رسومات سے قبل ایران کا امریکہ اور اسرائیل کو سخت انتباہ
خامنہ ای کی تدفین سے قبل ایران کا امریکہ اور اسرائیل کو دوٹوک پیغام، آبنائے ہرمز پر بھی نئی وارننگ
ایران نے اپنے سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات سے قبل امریکہ اور اسرائیل کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی یا اشتعال انگیزی کا فوری اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ایرانی فوج کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کسی بھی غلط اندازے سے گریز کریں، کیونکہ ایران کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا سخت جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
حکام کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور آخری رسومات ہفتہ سے تہران میں شروع ہوں گی، جبکہ ۹ جولائی کو ان کی تدفین ان کے آبائی شہر مشہد میں کی جائے گی۔ اس دوران قم اور عراق میں بھی تعزیتی تقریبات منعقد ہوں گی۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ان تقریبات میں ڈیڑھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے، جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا سرکاری جنازہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں جنازے میں شریک ہو کر قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو ایران کی آواز سنائی دینی چاہیے۔
ایرانی حکام نے جنازے کے دوران تہران سمیت کئی شہروں میں سخت حفاظتی انتظامات، فضائی حدود پر عارضی پابندی اور ٹریفک محدود رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔



