جموں و کشمیر میں بادل پھٹنے اور سیلاب کی تباہی، 17 افراد جاں بحق
جموں و کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں شدید بارش، بادل پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ مختلف حادثات میں کم از کم 17 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ کئی افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
حکام کے مطابق سب سے زیادہ نقصان سرنکوٹ تحصیل میں ہوا، جہاں متعدد مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ ایک ہی خاندان کے 8 افراد اس وقت جاں بحق ہوگئے جب ان کا مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
ایک اور واقعے میں ایک خاتون مکان گرنے سے جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کے شوہر اور تین کمسن بچوں کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ مختلف علاقوں میں کئی مکانات، گاڑیاں، زرعی زمینیں اور دیگر املاک سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پونچھ میں 77 ملی میٹر اور راجوری میں 103 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور سیکڑوں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔
وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنا دہلی کا دورہ مختصر کرتے ہوئے فوری طور پر جموں واپس آنے کا اعلان کیا، جبکہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔



