روس پر یوکرین کا بڑا ڈرون حملہ، 12 افراد ہلاک، 39 زخمی
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں ایک بار پھر شدید حملوں نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ روسی علاقے میں یوکرین کے تازہ ڈرون حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ 39 دیگر زخمی ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ جنگ شروع ہونے کے بعد روس میں ایک حملے کے دوران ہونے والی بڑی ہلاکتوں میں سے ایک ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین نے وسطی روس کے تاتارستان کے علاقے میں واقع ایک قصبے کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ علاقہ یوکرین کی سرحد سے ایک ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔ علاقے میں تیل اور قدرتی وسائل کے علاوہ متعدد تیل صاف کرنے کے کارخانے بھی موجود ہیں۔
حملے کے بعد صنعتی علاقے میں شدید دھماکوں اور آسمان کی جانب اٹھتے دھویں کے مناظر سامنے آئے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں حملے کے بعد ہونے والی تباہی دیکھی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فضائی دفاعی فورسز نے رات کے دوران 456 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
روس اور یوکرین کی جنگ کو تقریباً چار سال گزر چکے ہیں، لیکن مسلسل ڈرون اور میزائل حملوں کے باعث دونوں ممالک میں فوجیوں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔



