تریشا سے متعلق متنازع بیان پر اُدھیانِدھی اسٹالن گرفتار، سیاست میں ہلچل تیز
ڈی ایم کے کے رہنما اُدھیانِدھی اسٹالن کو منگل کے روز ان کی چنئی رہائش گاہ سے پولیس نے حراست میں لے لیا۔ انہیں اداکارہ تریشا کرشنن سے متعلق ایک متنازع بیان کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے گرفتار کیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد تمل ناڈو کی سیاست میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
یہ معاملہ کاویری پانی تنازع پر تھانجاؤر میں منعقدہ کسان احتجاج کے دوران اُدھیانِدھی کی تقریر سے جڑا ہے۔ الزام ہے کہ تقریر کے دوران مجمع میں موجود کچھ افراد نے اداکارہ تریشا کا نام پکارا، جس پر اُدھیانِدھی نے ایسا جملہ کہا جسے مخالف جماعتوں نے نازیبا اور غیر مناسب قرار دیا۔
اس بیان کے بعد نہ صرف پولیس میں شکایت درج کرائی گئی بلکہ برسراقتدار جماعت نے قومی کمیشن برائے خواتین سے بھی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
گرفتاری کے وقت اُدھیانِدھی اسٹالن نے کہا کہ "یہ کارروائی عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔” دوسری جانب ڈی ایم کے نے اس گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیا۔
پارٹی رہنما ٹی کے ایس ایلنگوون نے کہا کہ اُدھیانِدھی نے کسی شخصیت کی توہین نہیں کی اور نہ ہی تقریر میں تریشا کا نام لیا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی اُدھیانِدھی کے بیان پر شدید سیاسی ردعمل سامنے آیا تھا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سی جوزف وجے پر کاویری کا پانی حاصل کرنے میں ناکامی کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد مجمع سے تریشا کا نام پکارا گیا اور اسی کے بعد دیا گیا ان کا جواب تنازع کی وجہ بن گیا۔



