سیلاب کی تباہ کاری: ایچ پی سی ایل کے بوٹلنگ پلانٹ سے 3 ہزار گیس سلنڈر بہہ گئے
مہاراشٹر میں مسلسل ہونے والی موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ ضلع رائے گڑھ میں واقع ایچ پی سی ایل کے پاتال گنگا ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ میں سیلابی پانی داخل ہونے کے بعد تقریباً 3 ہزار گیس سلنڈر بہہ کر پاتال گنگا دریا میں جا گرے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے جاری شدید بارش کے باعث دریا میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں بوٹلنگ پلانٹ زیر آب آ گیا۔ سیلابی ریلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ہزاروں ایل پی جی سلنڈر پانی کے بہاؤ میں بہہ گئے۔
انتظامیہ کے مطابق بہہ جانے والے بعض سلنڈر خالی ہیں، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ دریا یا کناروں پر پہنچنے والے سلنڈروں میں گیس موجود ہے یا نہیں۔ اسی وجہ سے انہیں چھونا یا اپنے ساتھ لے جانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ضلع رائے گڑھ کے کلکٹر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو دریا یا اس کے کنارے گیس سلنڈر نظر آئے تو وہ ہرگز اسے اٹھانے یا منتقل کرنے کی کوشش نہ کرے، بلکہ فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بہہ جانے والے تمام سلنڈروں کی تلاش اور انہیں محفوظ طریقے سے قبضے میں لینے کے لیے کارروائی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
مسلسل بارشوں کے باعث مہاراشٹر کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر سیلاب زدہ علاقوں کا رخ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔



