بین الاقوامیعرب دنیا

غزہ میں اسرائیلی حملوں سے دو بچوں سمیت ۴ افراد جاں بحق

غزہ میں اسرائیلی حملوں اور ٹینکوں کی گولہ باری کے نتیجے میں دو بچوں سمیت کم از کم چار افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسپتال حکام کے مطابق تازہ حملوں کے بعد جنگ سے تباہ حال علاقوں میں شہریوں نے اپنے گھروں اور کاروباری مراکز سے نقل مکانی شروع کردی۔

بوریج کیمپ میں کمسن بچہ جاں بحق

اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلا کی وارننگ کے بعد وسطی غزہ کے بوریج پناہ گزین کیمپ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ عودہ اسپتال کے مطابق حملے میں ایک چار سالہ بچہ جاں بحق ہوا، جبکہ اس کی والدہ اور بہن زخمی ہوگئیں۔ اسپتال حکام کے مطابق ایک خاندان بروقت علاقہ خالی نہیں کرسکا تھا۔

غزہ کے مختلف علاقوں میں مزید تین عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ مقامی افراد کے مطابق ان حملوں سے پہلے انخلا کی ہدایات دی گئی تھیں۔ کئی خاندان بچوں کو اٹھا کر محفوظ مقامات کی جانب جاتے دکھائی دیے، جبکہ بعض زخمی اور بزرگ افراد وہیل چیئرز اور چھڑیوں کے سہارے منتقل ہوئے۔

خان یونس میں بھی جانی نقصان

اسرائیلی فوج کے مطابق شاطی پناہ گزین کیمپ اور دیر البلح میں کارروائیاں کی گئیں۔ فوج نے دعویٰ کیا کہ وہاں مساجد کے اندر حماس کے ہتھیاروں کے ذخیرے موجود تھے۔ تاہم اس دعوے کے حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

دیر البلح میں ایک خیمے پر حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ جنوبی غزہ کے خان یونس میں ایک حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے، جبکہ علاقے کے مشرقی حصے میں ٹینکوں کی گولہ باری سے ایک دس سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکی حکام غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں آگے بڑھانے کے لیے اسرائیل پر حملے کم کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button