دورانِ پرواز بہادری کا مظاہرہ، ہندوستانی پائلٹ سمت مچھھر اور فلائی دبئی کے عملے کو اماراتی صدر کا اعزاز
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہندوستانی پائلٹ سمت مچھھر اور فلائی دبئی کے دیگر عملے کو دورانِ پرواز مسافروں کی جان بچانے اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر فرسٹ کلاس آرڈر آف زاید دوم سے نوازا ہے۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق، یہ اعزاز دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ایک صدارتی تقریب کے دوران پیش کیا۔ انہوں نے عملے کی جرأت، ذمہ داری اور مسافروں کی حفاظت کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا۔
یہ واقعہ 30 ستمبر کو فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 میں پیش آیا تھا، جو دبئی سے تل ابیب جا رہی تھی۔ طیارے میں 170 سے زائد افراد سوار تھے۔ دورانِ پرواز شریک پائلٹ نے مبینہ طور پر کاک پٹ میں موجود ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والی کلہاڑی سے کپتان سمت مچھھر پر حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ حملے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، حملے کے دوران طیارہ تقریباً 30 سیکنڈ میں 14 ہزار فٹ نیچے آگیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود کپتان نے اپنی باقی ماندہ طاقت استعمال کرتے ہوئے کاک پٹ کے دروازے کا لاک کھول دیا۔ اس کے بعد مسافروں اور عملے نے مل کر حملہ آور شریک پائلٹ کو قابو میں کیا۔
طیارے میں موجود فلائی دبئی کے دو دیگر پائلٹوں نے کنٹرول سنبھالا اور طیارے کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں بحفاظت اتار لیا۔ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ زخمی کپتان کو پہلے تبوک کے اسپتال میں طبی امداد دی گئی اور بعد میں علاج کے لیے ابوظہبی منتقل کیا گیا۔
تقریب میں شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان اور شیخ احمد بن سعید المکتوم سمیت متعدد اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ فلائی دبئی کے عملے نے اعزاز ملنے پر صدرِ امارات سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز خدمت، لگن اور ذمہ داری کے اصولوں کی قدر افزائی ہے۔



