تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

3 اگست تک گاندھی بھون نہ آئیں، ریونت ریڈی کی کانگریس رہنماؤں کو ہدایت

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کانگریس رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ وہ پارٹی عہدوں کے لیے گاندھی بھون کا رخ کرنے کے بجائے آئندہ چند دن مکمل طور پر عوام کے درمیان رہیں۔ ایک آن لائن جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 3 اگست تک تمام رہنما اپنے اپنے حلقوں میں سرگرم رہیں اور پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے پر توجہ دیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خصوصی نظرثانی مہم کی مدت 3 اگست تک بڑھا دی گئی ہے، اس لیے تمام ضلع انچارج وزراء اور پارٹی ذمہ داران مسلسل جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کارکنوں کو گاندھی بھون میں عہدوں کے لیے وقت نہ دیا جائے بلکہ انہیں عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان میں متحرک رکھا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست کی 119 اسمبلی حلقوں میں کانگریس کی جانب سے 489 اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن حلقوں میں پارٹی کمزور ہے وہاں خصوصی توجہ دی جائے اور ہر ذمہ دار رہنما انتخابی مہم کی طرز پر گھر گھر پہنچے۔

ریونت ریڈی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف سرکاری رپورٹوں پر انحصار کرنے کے بجائے پارٹی نمائندوں کی رپورٹوں کو بھی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو رہنما اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ 30 تاریخ کو دوبارہ ریاست گیر جائزہ اجلاس ہوگا۔ انہوں نے ریاستی کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ اور نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا کو مزید فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے 100 پارٹی نمائندوں کو خصوصی اعزاز دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button