علاقائی خبریںقومی

حد بندی بل کے خلاف تامل ناڈو میں احتجاج، وزیراعلیٰ کا سخت ردعمل

بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں مجوزہ حد بندی بل کے خلاف سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اس بل کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے اس کی نقل کو نذرِ آتش کر دیا اور سیاہ پرچم لہرا کر مخالفت کا اظہار کیا۔

اسٹالن نے اس بل کو "سیاہ قانون” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تامل عوام کو ان کے اپنے ہی علاقے میں بے گھر کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بل کے خلاف متحد ہو کر آواز اٹھائیں۔

یہ احتجاج اس وقت سامنے آیا جب پارلیمنٹ میں اس بل کو پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ مجوزہ قانون آبادی کی بنیاد پر حلقہ بندی سے متعلق ہے، جس کے تحت ریاستی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میں بھی تامل ناڈو نے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور کامیابی حاصل کی، اور اب ایک بار پھر اسی جذبے کے ساتھ احتجاج کیا جائے گا۔

اس دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں بھی سیاہ جھنڈے لہرا کر اس بل کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ اپوزیشن جماعتوں نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے قریب اس طرح کے فیصلے جلد بازی میں کیے جا رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے اس بل کے ذریعے خواتین کے لیے مخصوص نشستوں کے قانون کو بھی نافذ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے تحت پارلیمنٹ کی نشستوں میں اضافہ ممکن ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ معاملہ آئندہ دنوں میں مزید سیاسی تنازع کا باعث بن سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button