امریکی صدر ٹرمپ کا دعویٰ، ایران کے ساتھ جنگ اختتام کے قریب
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ اختتام کے قریب ہے اور صورتحال تیزی سے قابو میں آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ اقدامات جاری رہے تو ایران کو اپنی طاقت بحال کرنے میں طویل عرصہ لگ سکتا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے حالیہ دنوں میں ایران کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے ساحلی علاقوں اور بندرگاہوں تک رسائی محدود کر دی ہے، جس کے نتیجے میں ایران کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کیلئے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قریب پہنچ سکتا تھا، جو عالمی امن کیلئے خطرہ بن سکتا تھا۔
دوسری جانب، حالیہ اسلام آباد مذاکرات کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ سکے، تاہم اطلاعات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کا دوسرا دور ہونے کا امکان ہے۔
ٹرمپ نے اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت کی کوششیں قابل تعریف ہیں، جن کی وجہ سے مذاکرات کی امید برقرار ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ جنگ کے خاتمے کی بات کی جا رہی ہے، لیکن مذاکرات کی کامیابی اور اعتماد کی بحالی ہی اصل امن کی ضمانت ہو سکتی ہے۔



