نیپال میں سیلاب کی تباہی، ہلاکتیں 177 تک پہنچ گئیں، 300 بھارتی سیاح لاپتہ
نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 177 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق ہزاروں افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جن میں تقریباً 300 بھارتی سیاح بھی شامل ہیں۔ بدھ 26 اگست کو بھوٹے کوشی دریا میں اچانک آنے والے سیلاب نے کئی اضلاع کو شدید متاثر کیا۔
تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری
نیپال پولیس کے مطابق راسوا، نواکوٹ، دھادنگ، چتوان، گورکھا، تنہو اور نوالپراسی سمیت مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔ سیلاب اس وقت آیا جب ایک برفانی تودے نے بھوٹے کوشی کی ایک معاون ندی کے بہاؤ کو روک دیا، جس کے بعد پانی کا شدید ریلا تبت کی سرحد کے قریب تِمُرے پہنچا۔
وزیر خارجہ شیشیر کھنال نے بتایا کہ ہزاروں افراد لاپتہ ہیں اور مکمل نقصان کا اندازہ لگانے کی کوشش جاری ہے۔ قومی ادارے کے مطابق تقریباً 826 افراد لاپتہ ہیں، جبکہ سیکڑوں غیر ملکی سیاح بھی لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔ زیادہ تر سیاح تبت کے کیلاش مانسروور اور نیپال کے گوسائن کنڈ کی جانب سفر کر رہے تھے۔
بھارتی سیاحوں کی بڑی تعداد لاپتہ
سیلاب سے 35 موٹر گاڑیوں کے قابل پل، 45 معلق پل اور تقریباً 40 کلومیٹر سڑک تباہ ہوئی ہے۔ راسوا کے تِمُرے سے 123 پھنسے افراد کو نکالا گیا، جن میں 29 غیر ملکی شامل تھے۔ 73 زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔



