شمع بردار ریلی کے بینر پر تنازع، صرف ریونت ریڈی کی تصویر پر سوالات
دہلی میں طلبہ پر مبینہ لاٹھی چارج کے خلاف کانگریس کی جانب سے حیدرآباد میں نکالی گئی شمع بردار ریلی کے بعد اب احتجاج سے زیادہ اس ریلی میں استعمال ہونے والا بینر سیاسی بحث کا موضوع بن گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ریلی کے دوران لگائے گئے بڑے بینر پر صرف وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی تصویر نمایاں تھی، جبکہ راہول گاندھی، ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی سمیت کانگریس کی مرکزی قیادت کی تصاویر شامل نہیں تھیں۔ اس معاملے پر پارٹی کے اندر مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس کے قومی پروگراموں میں عموماً مرکزی قیادت کی تصاویر کو اہمیت دی جاتی ہے، لیکن اس بار ایسا نہ ہونے پر کئی رہنماؤں نے حیرت کا اظہار کیا۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اس بینر میں پارٹی کے بجائے ذاتی تشہیر کو زیادہ اہمیت دی گئی، جس سے مختلف سیاسی قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ریاستی کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ نے بھی بینر کی ترتیب پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ان کا مؤقف بتایا جا رہا ہے کہ قومی سطح کے احتجاج میں مرکزی قیادت کی تصاویر شامل نہ ہونا مناسب پیغام نہیں دیتا۔
یاد رہے کہ دہلی میں طلبہ کے احتجاج کے دوران راہول گاندھی، ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی خود بھی مظاہروں میں شریک ہوئے تھے، جبکہ کئی ریاستوں کے کانگریسی رہنماؤں نے بھی اظہارِ یکجہتی کیا۔ تاہم ریونت ریڈی اس احتجاج میں شریک نہیں ہوئے اور بعد میں حیدرآباد میں منعقدہ ریلی میں صرف ان کی تصویر والا بینر توجہ کا مرکز بن گیا۔



