غزہ پر اسرائیلی بمباری، 13 افراد جاں بحق جنگ بندی بے اثر
غزہ میں ایک بار پھر اسرائیلی حملوں نے تباہی مچا دی، جہاں تازہ کارروائیوں میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب پہلے سے موجود جنگ بندی کے باوجود تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔
جنوبی شہر خان یونس کے علاقے المواصی میں ایک پولیس گاڑی پر فضائی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ایک اور واقعے میں شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں واقع رہائشی گھروں پر گولہ باری کی گئی، جس سے ایک خاتون اور اس کے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ اسی طرح غزہ شہر میں ایک اور حملے میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے مسلح افراد کو نشانہ بنایا جو ان کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔ تاہم حماس نے ان حملوں کو ظالمانہ کارروائیاں قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اب تک سینکڑوں فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جس سے خطے میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور امن کی امیدیں کمزور دکھائی دے رہی ہیں۔



